“ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور عوامی ریلیف ہماری اولین ترجیح ہے، ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ”

*ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے)ڈسٹرکٹ انجمن صحافیان ٹوبہ ٹیک سنگھ کے ضلعی صدر محمد زاہد مجید انور نے ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ عمر عباس میلہ سے ان کے دفتر میں خصوصی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں، شہری سہولیات کی فراہمی، عوامی مسائل کے حل، صفائی ستھرائی، انفراسٹرکچر کی بہتری اور حکومت پنجاب کے ترقیاتی ویژن پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی خدمت کے جذبے کے تحت دن رات کوشاں ہے اور حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ شہر اور گردونواح میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت، نکاسی آب کے منصوبوں، صفائی کے نظام میں بہتری اور دیگر ترقیاتی سکیموں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل کے لیے وہ خود روزانہ کی بنیاد پر مختلف منصوبوں کا دورہ کرتے ہیں تاکہ کام کی رفتار، معیار اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی فنڈز کے استعمال میں شفافیت کو ہر صورت مقدم رکھا جا رہا ہے اور کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ کا مقصد صرف ترقیاتی کام مکمل کرنا نہیں بلکہ عوام کو ان کے حقیقی ثمرات پہنچانا ہے۔ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول، بہتر سڑکیں، نکاسی آب کا مؤثر نظام اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے تمام متعلقہ محکمے متحرک کردار ادا کر رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان شاء اللہ بہت جلد شہر اور گردونواح میں جاری ترقیاتی منصوبے مکمل ہو جائیں گے، جس سے نہ صرف شہریوں کو سہولت میسر آئے گی بلکہ ضلع کی مجموعی خوبصورتی اور ترقی میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے ضلعی انتظامیہ کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں اور شہریوں کی شکایات کا بروقت ازالہ کیا جا رہا ہے۔ملاقات کے دوران محمد زاہد مجید انور نے ضلع بھر میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں، عوامی فلاحی اقدامات اور انتظامی امور کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ڈپٹی کمشنر کی ذاتی دلچسپی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات عوام کے اعتماد میں اضافے اور ضلع کی ترقی کے لیے نہایت اہم ہیں۔ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی جس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ میڈیا اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان مثبت روابط کے ذریعے عوامی مسائل کو اجاگر کرنے اور ان کے حل کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی تاکہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کو ایک ترقی یافتہ، صاف ستھرا اور مثالی ضلع بنایا جا سکے۔*