ہزارہ ریجن پولیس
ڈی آئی جی ہزارہ قاضی جمیل الرحمن کاعام لباس و پرائیویٹ گاڑی میں ضلع ایبٹ آباد کا دورہ
ڈی آئی جی ہزارہ نے اپنا تعارف کروائے بغیر پولیس چیک پوسٹ و دیگر مقاما ت پر سیکیورٹی صورتحال اور دیگر امور کا جائزہ لیا ڈی آئی جی ہزارہ نے بہترین ڈیوٹی سرانجام دینے والے پولیس اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی اور نقد انعام دیئے مجھے خوشی ہے ہزارہ پولیس کے جوان اور محکمہ صحت کے ملازمین اپنے پیشہ ورانہ فرائض خوش اصلوبی و دیانتداری سے سرانجام دے رہے ہیں، قاضی جمیل الرحمن

ایبٹ آباد (سٹار نیوز آن لائن )ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہزارہ ریجن قاضی جمیل الرحمن نے عام لباس وپرائیویٹ گاڑی میں ضلع ایبٹ آباد کے مختلف پولیس چیک پوسٹ اور دیگر مقامات کا دورہ کیا اوراپنا تعارف کروائے بغیر موجودہ صورتحال کے پیش نظر گاڑیوں اور مسافروں کی چیکنگ اور دیگر سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا اور اطمینان کا اظہار کیا۔ پولیس چیک پوسٹ مسلم آبادپر تعینات پولیس اہلکاروں نے معمول کے مطابق ڈی آئی جی ہزارہ کی گاڑی کو روکااورموجودہ صورتحال اور حکومتی احکامات کے مطابق خوش اخلاقی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پوچھ گچھ کی اور وہاں پر تعینات محکمہ صحت کے سٹاف سے کرونا وائرس کے حوالے سے سکرینگ کروانے کو کہا۔ڈی آئی جی ہزارہ قاضی جمیل الرحمن نے پولیس اہلکاروں اور محکمہ صحت کے اہلکاروں کو اپنے فرائض منصبی احسن اور خوش اخلاقی سے سرانجام دینے پر خراج تحسین پیش کیا اور انکی حوصلہ افزائی کی اور نقد انعام بھی دیئے۔ ڈی آئی جی ہزارہ نے اس موقع پر کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ ہزارہ پولیس کے جوان اور محکمہ صحت کے ملازمین اپنے پیشہ ورانہ فرائض انتہائی خوش اصلوبی اور دیانتداری سے سرانجام دے رہے ہیں اور میرے لیے یہ بات باعث فخر ہے کہ میں ایسے فورس کا کمانڈر ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں ہزارہ پولیس کے تمام پولیس افسران و اہلکاروں سے امید کرتا ہوں کہ وہ بھی اسطرح اپنے ڈیوٹیاں احسن طریقے سے سرانجام دیں گے ہمیں اس مشکل وقت میں ثابت قدم رہنا ہوگا اور اپنے دیگر محکمہ جات کیساتھ ملکر کرونا وائرس کیخلاف جاری جنگ کو جیتنا ہوگا۔

رپورٹ محمد عتیق سلیمانی ڈپٹی بیوروچیف کے پی