گجرات پولیس کا مجرمان اشتہاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن،وارداتوں میں ملوث دو خطرناک مجرم اشتہاری گرفتار
گجرات (سٹار نیوز آن لائن) تھانہ کڑیانوالہ پولیس نے ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث دو خطرناک مجرم اشتہاری گرفتار کرلئےتفصیلات کے مطابق ڈی پی او گجرات توصیف حیدر کی سربراہی میں پولیس نے ضلع بھر میں چوروں اور ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن تیز کر دیا ہے۔ اس سلسلہ میں ڈی پی او گجرات نے تمام ایس ڈی پی اوز کو خصوصی ٹاسک دے رکھے ہیں۔ ڈی ایس پی صدر سعید احمد کی زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ کڑیانوالہ راجہ احسان اللہ اور ان کی ٹیم نے مختلف جگہوں پر ریڈ کرکے ڈکیتی جیسی سنگین وارداتوں میں ملوث دو خطرناک مجرم اشتہاری گرفتار کرلئے۔گرفتار اشتہاریوں میں منیر رضوان ولد عبدالرزاق ساکن محلہ گڑھی احمد آباد اور علی اکبر ولد لال خاں ساکن وزیر آباد شامل ہیں۔ جنہوں نے کچھ عرصہ قبل دیگر ساتھیوں کے ہمراہ گاؤں سرکیاں میں نوید افضل نامی شخص کے گھر اسلحہ کے زور پر ڈکیتی کی بڑی واردات کی تھی۔جس میں 120000روپے نقدی اور لاکھوں روپے مالیتی طلائی زیورات لوٹے گئے۔ اس خطرناک گینگ کی گرفتار ی تھانہ کڑیانوالہ پولیس کے لئے ایک چیلنج بنی ہوئی تھی۔ ایس ایچ او تھانہ کڑیانوالہ راجہ احسان اللہ اور ان کی ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت اور انتہائی محنت سے اس خطرناک گینگ کو گرفتار کیا۔ ملزمان کی انٹیروگیشن جاری ہے۔












