پاکستان کی مٹھائیاں
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تحریر۔
ناصر بٹ گوجرانوالہ


میرا تعلق گوجرانوالہ سے ہے بچپن سے نوجوانی کا عرصہ گوجرانوالہ میں گزرا پھر لاھور آ گئے اور یہیں بس گئے۔
جاب ایسا تھا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں جانا آنا لگا رہتا تھا برادری ایسی کہ کھانے پینے کا شوق جس برادری میں کوٹ کوٹ کے بھرا ہوتا ہے۔
اج سوچا پاکستان میں جہاں جہاں سے مٹھائی کھائی ہے اسکا ذکر کروں کہ پاکستان میں جہاں اور بہت سی چیزوں کا معیار گرا ہے وہاں اب مٹھائیوں کا بھی خانہ خراب ہوتا جا رہا ہے اور ساتھ ہی ساتھ مٹھائیوں کے ریٹس بھی بہت زیادہ ہو گئے ہیں۔
ایک وقت تھا کہ گوجرانوالہ کی مٹھائیاں پورے ملک میں مشہور ہوتی تھیں اور ہم بچپن سے گوجرانوالہ کی مٹھائیوں کے اعلیٰ معیار سے لطف اندوز ہوتے رہے۔
گوجرانوالہ میں اسی اور نوے کی دھائی میں مٹھائیوں کی جو مشہور دکانیں تھیں ان میں سیالکوٹ سویٹ ہاؤس سب سے مشہور تھی یہ پہلے صرف ایک ہی دوکان ہوا کرتی تھی جو نکّا چوک میں واقع تھی آج کل گوجرانوالہ کے ہر بڑے چوک پر سیالکوٹ سویٹ ہاؤس نظر آتا ہے مگر معیار بالکل فارغ۔
سیالکوٹ سویٹ ہاؤس کی تمام مٹھائیاں زبردست ہوتی تھیں انکے مالکان ہر سال اپنے کاریگر بچوں کو امرتسر انڈیا بھیجا کرتے تھے جو وہاں سے نئی مٹھائیوں کا طریقہ سیکھ کر آتے تھے تو سیالکوٹ سویٹ ہاؤس کی ورائیٹی بھی سب سے لاجواب ہوتی تھی
اسکے علاوہ گوجرانوالہ میں امرتسر سویٹ ہاؤس،جالندھر سویٹ ہاؤس تھے جالندھر سویٹ کے گلاب جامن بہت مشہور تھے اسکے علاوہ یادگار سویٹ ہاؤس بھی ہوتا تھا۔
یہ پرانے سٹائل کی دوکانیں تھیں مگر پھر ایک نئی دوکان بنی جو جی ٹی روڈ پر لاری اڈہ سے کچھ پہلے دین پلازہ میں واقع تھی اسکا نام بابا سویٹس تھا اسکی پیکنگ اور مٹھائی کی کوالٹی بھی لاجواب تھی۔
اسکے علاوہ وزیر آباد میں بٹ سویٹ بہت شاندار مٹھائیاں بناتے ہیں ایک دوکان سلیمان سویٹس بھی تھی سلیمان سویٹس بعد میں بہت ترقی کر گئی اور انہوں نے گوجرانوالہ میں بھی اپنے آؤٹ لیٹس کھول لئیے سلیمان سویٹس کے حلوہ جات کافی مقبول ہیں۔
لاہور کا زکر ہو تو لاہور کی سب سے مشہور مٹھائیوں کی دوکان نرالا سویٹس تھی جو مزنگ چونگی میں واقع تھی بعد میں وہاں سے ختم ہو گئی۔
اسکے علاوہ لاہور میں رفیق سویٹ،فضل سویٹس،بٹ سویٹس کافی مشہور ہیں جبکہ جالندھر موتی چور کا بھی کافی نام ہے۔
یہ تمام دوکانیں روایتی مٹھائیوں کی دوکانیں تھیں جن کی مٹھائیوں کا معیار کافی اچھا تھا مگر اسکے بعد پھر اس کام میں بیکری والے بھی گھس گئے جنہوں نے لاہور کی مٹھائیوں کا بیڑہ غرق کر دیا۔
پہلی بیکری جس نے یہ کام شروع کیا وہ گورمے تھی پھر اسکے بعد تمام بیکرز نے ساتھ مٹھائیاں بھی بیچنا شروع کر دیں۔
ملتان میں مجھے ریواڑی کی مٹھائی بہت اچھی لگی اور اسکے پاس مٹھائیوں کی ورائیٹی بھی بہت زیادہ ہوتی ہے۔
پنڈی میں صدر میں جمیل سویٹس کی مٹھائی ہی کھائی ہے جو بس گزارے لائق تھی بعد میں تہزیب بیکرز نے بھی مٹھائی شروع کی جو کافی بہتر ہے۔
کراچی میں مجھے مٹھائیوں کی سب سے شاندار کوالٹی ملی کم از کم دو دوکانیں تو ایسی ہیں کہ جس کی میں گواہی دے سکتا ہوں کہ اس سے بہتر مٹھائی کم از کم میں نے پاکستان میں کہیں نہیں کھائی۔
پہلی دوکان رحمت شیریں ہے جو صدر کراچی میں ہے اور کراچی ائیرپورٹ پر بھی اسکی برانچ ہے جبکہ دوسری دوکان ڈھاکہ سویٹس ہے جو گلستان جوہر میں ہے۔
ڈھاکہ سویٹس کا رس گلہ،کچا گلہ اور دوددھ سے بنی دوسری مٹھائیوں کا کوئی جواب ہی نہیں۔۔
ایک وقت تھا کہ مٹھائیاں تمام کی تمام ہاتھوں سے بنتی تھیں اور ان پر کافی محنت کی جاتی تھی دیسی گھی کا استعمال ہوتا تھا مگر آج کل مشینی مٹھائیوں کا دور ہے اور یوں لگتا ہے کہ نت نئی مٹھائیوں کی لذت اب ناپید ہوتی جا رہی ہے۔
اپکے شہر میں کون سی دوکان کی مٹھائی شاندار ہے؟
ناصر بٹ













