پشاور :- گورنمنٹ اسامہ طاہر اعوان شہید ہائی سکول میں ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی سیمینار
دوران سفر سیٹ بیلٹ اور ہیلمٹ کے استعمال سے ٹریفک حادثات اور جانی نقصان سے بچا جا سکتا ہے‘ چیف ٹریفک آفیسر سعود خان
پشاور(سٹارنیوز
) سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے زیر اہتمام گورنمنٹ اسامہ طاہر اعوان ہائی سکول میں ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں ایس پی ہیڈ کوارٹرز ارباب شفیع اللہ جان, ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز فقیر حسین اور سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی ایجوکیشن ٹیم نے طلباء کو آگاہی دی۔ آگاہی سیمینار میں اساتذہ‘ طلباء اور دیگر نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ایس پی ہیڈ کوارٹرز اور ٹیم نے سیمینار کے دوران طلبہ کو روڈ سیفٹی‘ زیبرا کراس‘ سیٹ بیلٹ اور ہیلمٹ کے استعمال اور فوائد سمیت ڈرائیونگ کے اصول اور احتیاطی تدابیر بارے آگاہی دی۔ ایس پی ہیڈکوارٹرز ارباب شفیع اللہ جان نے طلبہ کو ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی سے متعلق لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ دوران سفر سیٹ بیلٹ اور ہیلمٹ کے استعمال سے ٹریفک حادثات اور جانی نقصان سے بچا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس مختلف اوقات میں مختلف اداروں میں جا کر طلبہ و طالبات کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دیتی ہے تاکہ ٹریفک حادثات میں کمی واقع ہو اور شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔ چیف ٹریفک آفیسر سعود خان نے کہا ہے کہ ہمیشہ سیٹ بیلٹ باندھ کر لائن ڈسپلن اور دوسری گاڑیوں کا خیال رکھتے ہوئے گاڑی چلائیں دوران ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی عملداری سے ہی حادثات پر قابوپایا جاسکتا ہے منظم ٹریفک کسی بھی مہذب معاشرے کی عکاس ہوتی ہے جبکہ پیشہ ورانہ تربیت کسی بھی درپیش صورتحال کابہتر طور پر سامنا کرنے کا محور ہے انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی پاسداری حادثات پر مؤثر قابو پانے کا ضامن ہے جبکہ پیشہ ورانہ تربیت کسی بھی درپیش صورتحال کا بہتر طور پر سامنا کرنے کا محور ہوتا ہے۔













