جھنگ: وزیراعلیٰ پنجاب کا صحت کے فروغ کے لیے انقلابی اقدام

جھنگ(رائے منظوراحمدعابد سے) جھنگ میں صحت کے فروغ کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر تین روزہ “ہفتہ صحت کیمپ” کا انعقاد کیا گیا، جو 20 سے 22 نومبر تک جاری رہے گا۔ اس کیمپ میں مختلف امراض کی تشخیص، ٹیسٹ، اور مفت ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔
ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال اور تمام ٹی ایچ کیو ہسپتالوں میں منعقدہ اس کیمپ کا افتتاح ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے فیتہ کاٹ کر کیا۔ اس موقع پر ایم ایس صدف نقوی صاحبہ خود تمام انتظامات کی نگرانی کر رہی ہیں۔ کیمپ میں شوگر، ہیپاٹائٹس، ٹی بی، ملیریا، ایڈز، اور دیگر امراض کی تشخیص کے لیے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں جبکہ حاملہ خواتین اور بچوں کے لیے خصوصی حفاظتی ٹیکوں کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔
حکومت نے ایک ہی چھت کے نیچے تمام طبی عملہ اور ڈاکٹروں کو اکٹھا کرکے شہریوں کے لیے سہولت فراہم کی ہے۔ عوام نے حکومت پنجاب کے اس اقدام کو خوب سراہا ہے اور بڑی تعداد میں کیمپ کا رخ کر رہے ہیں۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ اس موقع سے فائدہ اٹھائیں، اپنا اور اپنے بچوں کا مفت طبی معائنہ کروائیں اور صحت کے متعلق آگاہی حاصل کریں۔