استاد الخطباء خطیب یورپ و ایشیاء مولانا محمد ضیاء القاسمی رحمۃ اللّٰہ علیہ کو دنیا سے گئے 24 سال گزر گئے
فیصل آباد (سٹارنیوز)استاد الخطباء خطیب یورپ و ایشیاء مولانا محمد ضیاء القاسمی رحمۃ اللّٰہ علیہ یوم وفات 29 دسمبر2000ء مولانا ضیاءالقاسمی ؒ کو عقیدہ توحید کے ساتھ انتہا درجہ شغف و محبت تھی۔جسکی وجہ سے آپ نے سب سے پہلے معاشرے میں ناسور کی طرح پھیلتی ہوئی خرافات کی بیخ کنی کا بیڑا اٹھایا ۔یہی وجہ تھی کہ اللہ رب العزت نے آپ کو خطابت کا لازوال کا ملکہ عطاءفرمایا تھا جب بھی کسی موضوع پر بات کرتے تو لوگوں کو اپنی شیریں بیانی ،دلائل کی قوت اور لاجواب استدلال سے قائل کرنے میں کامیاب ہوجاتے ۔سید عطاءاللہ شاہ بخاری ؒ، مولانا محمد علی جالندھری ؒ،قاضی احسان احمد شجاع آبادی ؒ،مولانا غلام اللہ خان ؒ جیسے اکابر کے دور خطابت کے بعد جن علماءنے خطابت میں نمایا ں مقام پیدا کیا ان میں مولانا ضیاءالقاسمی ؒ اولاً نمایا ں ہیں اور یہی وجہ تھی کہ ہزاروں کا مجمع ہو یا لاکھوں کا ،اسٹیج کی زینت شورش کاشمیری ؒہوں یا کوثر نیازیؒ،علامہ احسان الٰہی ظہیر ؒہو یا مفتی محمود ؒ ہر منتظم کی کوشش ہوتی تھی کہ اگر مجمع کو جما کر بٹھائے رکھنا ہے تو مولانا ضیاءالقاسمی ؒکو سب سے آخر میں بیان کا موقع دیا جائے،ورنہ مجمع کے منتشر ہونے کا اندیشہ منڈلاتا رہتا ۔













