علم و عمل کے چراغ بجھ گئے — ریٹائرڈ ہیڈ ماسٹر حاجی ظہور حسین سپردِ خاک، سینکڑوں سوگواروں کی شرکت
احمد پور سیال (تحصیل رپورٹر)علم و اخلاق کا ایک روشن باب اپنے انجام کو پہنچا گورنمنٹ ہائی سکول گلکالہ کے سابق ہیڈ ماسٹر، حاجی ظہور حسین کی نمازِ جنازہ آج ان ہی کے ادارے، گورنمنٹ ہائی سکول گلکالہ میں ادا کی گئی۔ نمازِ جنازہ میں ہر مکتبۂ فکر سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد نے شرکت کی اور انہیں انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ رخصت کیا۔مرحوم حاجی ظہور حسین ایک باوقار، نیک سیرت اور علم دوست شخصیت کے حامل تھے، جنہوں نے اپنی پوری زندگی درس و تدریس کے عظیم مشن کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ ان کے زیر سایہ تعلیم حاصل کرنے والے ہزاروں طلباء آج زندگی کے ہر شعبے میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں، جو ان کی محنت، اخلاص اور تربیت کا زندہ ثبوت ہیں۔ان کی شرافت، ملنساری، راست گوئی اور بے داغ کردار نے انہیں علاقے کی ہر دلعزیز شخصیت بنا دیا تھا۔ وہ نہ صرف ایک مثالی استاد بلکہ ایک سچے راہنما، دوست، اور مشفق بزرگ تھے۔مرحوم کچھ عرصے سے علیل تھے اور بالآخر اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملے۔ ان کی وفات سے نہ صرف تعلیمی میدان میں بلکہ پورے علاقے میں ایک خلا پیدا ہو گیا ہے، جو مدتوں پُر نہ ہو سکے گا۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے لواحقین، شاگردوں اور چاہنے والوں کو صبرِ جمیل عطا کرے۔ آمین۔
رپورٹ: ملک سیف اللہ صدیقی کھوکھر//تحصیل رپورٹر روزنامہ اسلام// جنرل سیکرٹری//تحصیل پریس کلب احمد پور سیال
📞 0301-4324625













