اٹک ۔چیف ایگزیکٹو آفیسر (تعلیم) ڈاکٹر محمد اظہر کی طرف سے ایجوکیشن کمپلیکس اٹک میں روح پرور محفلِ ختمِ قرآن کا انعقاد*

اٹک (سٹارنیوز)ایجوکیشن کمپلیکس اٹک میں بروز جمعرات، مورخہ 5 جون 2025 کو ایک پُروقار اور روحانی لحاظ سے مؤثر محفلِ ختمِ قرآن کا انعقاد کیا گیا، جس میں محکمہ تعلیم کے افسران، اہلکاران و افسران جن میں ڈی ای او سکینڈری الطاف حسین، ڈی ای او ایلیمنٹری سد تقی عباس کے علاوہ بھی بہت بڑہ تعداد میں معزز مہمانوں نے بھرپور شرکت کی۔ یہ تقریب نہ صرف ایک روحانی اجتماع تھی بلکہ حال ہی میں تعمیر شدہ نئی عمارت کے افتتاح اور نئے تعینات چیف ایگزیکٹو آفیسر (تعلیم) ڈاکٹر محمد اظہر کی جانب سے دیے گئے پرتکلف عشائیے کا بھی حصہ تھی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جو نہایت خوش الحانی سے حسن عبداللہ نے پیش کی۔ بعد ازاں بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں نعتیہ گلہائے عقیدت حسین عبداللہ اور سعید الرحمٰن نے پیش کیے۔ یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ حسن اور حسین، ڈاکٹر اظہر کے صاحبزادے ہیں، جنہوں نے اپنی دلنشین آواز اور جذبے سے حاضرین کے دل موہ لیےتقریب کی نظامت ملک زاہد محمود نے انتہائی خوش اسلوبی سے سرانجام دی اس موقع پر محمد اکرم ضیاء (سابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر، سیکنڈری) نے اپنے خطاب میں محفل کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کیا اور ڈاکٹر محمد اظہر کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے نئی تعمیر شدہ عمارت کی منظوری، اس کے پس منظر اور تعمیراتی مراحل سے متعلق تفصیلات بھی حاضرین کے ساتھ شیئر کیں محمد آصف صدیقی (سابق پرنسپل، پائلٹ سیکنڈری سکول) نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور ڈاکٹر اظہر کی آمد کو ادارے کے لیے نیک شگون قرار دیا ملک زاہد محمود نے ایجوکیشن کمپلیکس کے تمام اسٹاف کی نمائندگی کرتے ہوئے ڈاکٹر اظہر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کمپلیکس کے قیام میں اپنے کردار و خدمات کا تذکرہ کیا۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر محمد اظہر نے نہایت محبت بھرے اور مؤثر انداز میں اسلامی تعلیمات پر روشنی ڈالی، اپنا ویژن واضح انداز میں پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی ٹیم کو ساتھ لے کر ادارے کی بہتری کے لیے کام کریں گے۔ انہوں نے ایجوکیشن کمپلیکس میں اپنے پرتپاک استقبال اور خلوص بھرے ماحول پر تمام ملازمین کا دلی شکریہ ادا کیا۔

محفل کا اختتام جناب محمد ایوب کی پراثر دعا پر ہوا، جس میں ادارے کی ترقی، امن، خوشحالی اور اتحادِ امت کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں