سیالکوٹ پولیس کا دفعہ 144 کی خلاف ورزی اور نہروں و دریاؤں میں نہانے والے افراد کے خلاف ایکشن، 70 افراد گرفتارمقدمات درج مزید کاروائی جاری

سیالکوٹ (نمائندہ سٹارنیوز)پولیس نے نہروں اور دریاؤں میں نہانے پر پنجاب حکومت کی جانب سے نافذ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر بھرپور کارروائی کرتے ہوئے 70 سے زائد افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے ہیں۔یہ کارروائی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ، فیصل شہزاد کی خصوصی ہدایات پر عمل میں لائی گئی۔ اس ضمن میں پولیس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں جنہوں نے ضلع بھر کے حساس مقامات، نہروں، دریاؤں اور آبی راستوں پر نگرانی کرتے ہوئے قانون شکن عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کی۔ڈی پی او سیالکوٹ کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات شہریوں کی قیمتی جانوں کے تحفظ اور نہروں میں نہاتے ہوئے ڈوبنے کے بڑھتے ہوئے واقعات کی روک تھام کے لیے کیے جا رہے ہیں۔ ڈی پی او کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت سرگرم عمل ہے اور قوانین کی عملداری کو یقینی بنارہی ہے۔ڈی پی او نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں پر کڑی نظر رکھیں اور انہیں نہروں یا دریاؤں جیسے خطرناک مقامات پر نہانے سے روکیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ پولیس کی نگرانی اور کارروائیاں جاری رہیں گی، اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔