اسرائیل نے ایران کے خلاف جارحیت کرکے اپنے مکروہ عزائم کو خود ہی بے نقاب کر دیا ہے۔چوہدری ثاقب بندیشہ

ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے)رئیل اسٹیٹ اتحاد ایسوسی ایشن کے ضلعی صدر، معروف سیاسی، سماجی و کاروباری شخصیت چوہدری ثاقب بندیشہ نے کہا ہے کہ اسرائیل نے ایران کے خلاف جارحیت کرکے اپنے مکروہ عزائم کو خود ہی بے نقاب کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور بھارت کا گٹھ جوڑ نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا کے امن کے لیے سنگین خطرہ بن چکا ہے۔چوہدری ثاقب بندیشہ نے کہا کہ پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست ہونے کے ناطے ہمیشہ عالمی سطح پر امن، استحکام اور انصاف کی حمایت کی ہے اور حالیہ صورتحال میں بھی اپنے بین الاقوامی کردار کو خلوص نیت سے نبھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم دنیا کے کسی بھی حصے میں اس نوعیت کی جارحیت کی سختی سے مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پوری پاکستانی قوم برادر اسلامی ملک ایران کے ساتھ کھڑی ہے اور عالم اسلام کو چاہیے کہ وہ اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرے اور ایسی جارحانہ کارروائیوں کے خلاف ایک مضبوط اور مشترکہ مؤقف اپنائے۔چوہدری ثاقب بندیشہ نے عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اس صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لے اور جارح ممالک کے خلاف مؤثر اقدامات اٹھائے تاکہ عالمی امن و سلامتی کو محفوظ بنایا جا سکے۔