ضلع بھر میں نقب زنی، چوری اور منشیات فروشی جیسے جرائم کی بیخ کنی اولین ترجیح ہے محمد عبادت نثار
ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ٹوبہ ٹیک سنگھ محمد عبادت نثار نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں نقب زنی، چوری اور منشیات فروشی جیسے جرائم کی بیخ کنی اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک اہم اجلاس کے دوران کیا جس میں پولیس افسران اور متعلقہ ونگز کے نمائندگان نے شرکت کی۔ڈی پی او نے ہدایت جاری کی کہ تجارتی مراکز، بازاروں اور مارکیٹوں میں چوری و نقب زنی کی وارداتوں کی روک تھام کیلئے تاجر برادری اور عہدیداران کو اعتماد میں لیا جائے اور ان کے تعاون سے چوکیداروں و سکیورٹی گارڈز کی تعیناتی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات سے جرائم کی شرح میں خاطر خواہ کمی لائی جا سکتی ہے۔محمد عبادت نثار نے منشیات کے ناسور کی سنگینی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہیروئن اور آئس جیسے مہلک نشہ آور مواد کی خرید و فروخت اور استعمال کی روک تھام کیلئے نتیجہ خیز اور مربوط حکمت عملی اپنائی جائے۔ منشیات فروشوں کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں عمل میں لائی جائیں اور نوجوان نسل کو اس تباہ کن لت سے بچانے کیلئے عوامی آگاہی مہم بھی چلائی جائے۔انہوں نے انوسٹی گیشن ونگ کو ہدایت کی کہ زیرِ تفتیش مقدمات کے چالان جلد از جلد مکمل کرکے بروقت عدالتوں میں جمع کروائے جائیں تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہوں اور مجرموں کو قرار واقعی سزا دلائی جا سکے۔ڈی پی او نے ون ویلنگ جیسے خطرناک اور جان لیوا رجحان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس کے خلاف مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو اس خونی کھیل سے دور رکھیں تاکہ قیمتی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے۔آخر میں ڈی پی او نے کہا کہ پولیس افسران اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مہارتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے امن و امان کے قیام اور ایک محفوظ معاشرے کی تشکیل میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔












