پاکستان میڈیا کونسل اوکاڑہ کے زیراہتمام ایرانی میڈیا “صدا و سیما” اور ایرانی عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک پُرامن اور باوقار ریلی کا انعقاد کیا گی
اوکاڑہ( سٹارنیوز)پاکستان میڈیا کونسل اوکاڑہ کے زیراہتمام ایرانی میڈیا “صدا و سیما” اور ایرانی عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک پُرامن اور باوقار ریلی کا انعقاد کیا گیا، جو نہ صرف ایک احتجاجی مظاہرہ تھا بلکہ ظلم کے خلاف بیداری کا علم، اور مظلوموں کے حق میں بلند ہوتی ایک صدا بھی تھی۔ریلی میں مقامی صحافیوں، سماجی کارکنوں، طلباء، اساتذہ، وکلاء اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں ایرانی میڈیا کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر “صدا و سیما، سچ کی صدا”، “مظلوم کا ساتھ، ظالم سے نفرت” اور “میڈیا پر حملہ، آزادی اظہار پر وار” جیسے نعرے درج تھے۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے صدا و سیما کے بہادر صحافیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا، جنہوں نے اسرائیلی جارحیت کے سائے میں بھی سچ بولنے کا حوصلہ نہ چھوڑا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ایک آزاد میڈیا کسی بھی قوم کی پہچان ہوتا ہے، اور ایران کے صحافیوں نے اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر یہ پیغام دیا ہے کہ حق کی صدا کبھی دبائی نہیں جا سکتی۔ایرانی میڈیا پر حملہ دراصل آزادیِ اظہار پر حملہ ہے۔ آج ہم یہاں جمع ہوکر دنیا کو یہ پیغام دے رہے ہیں کہ مظلوموں کی حمایت کوئی جرم نہیں، بلکہ عین انسانیت ہے۔ریلی نے واضح کیا کہ اوکاڑہ کے باضمیر شہری عالمی انصاف کے ساتھ کھڑے ہیں، اور آزادیِ صحافت کے علَم کو کبھی سرنگوں نہیں ہونے دیں گے۔یہ ریلی محض ایک احتجاج نہیں تھی، یہ ضمیر کی بیداری کا منظر تھی ۔ایک صدا، جو دور تلک سنی گئی”ہم سب صدا و سیما ہیں!”












