پنجاب فوڈ اتھارٹی عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے دن رات سرگرم عمل ہے یاسر مشتاق
ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے)پنجاب فوڈ اتھارٹی عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے دن رات سرگرم عمل ہے۔ صحت دشمن عناصر اور ملاوٹ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں اور ایسے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ ان خیالات کا اظہار پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر یاسر مشتاق نے اپنے دفتر میں ڈسٹرکٹ انجمن صحافیاں کے ضلعی صدر اور معروف کالم نگار محمد زاہد مجید انور سے خصوصی ملاقات کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر چھاپے مار رہی ہیں، ناقص صفائی، زائد المعیاد اشیاء اور غیر معیاری خوراک فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ کئی دکانداروں کو بھاری جرمانے کیے گئے ہیں جبکہ بعض کے خلاف مقدمات بھی درج کروا دیے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ صحت کے تحفظ کیلئے فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں تعلیمی اداروں، ہسپتالوں اور دیگر عوامی مقامات پر خوراک کی جانچ پڑتال کر رہی ہیں تاکہ شہریوں کو محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ضلعی انچارج نے مزید کہا کہ عوامی شعور بیدار کرنے کیلئے آگاہی سیمینارز اور ورکشاپس بھی منعقد کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ملاوٹ یا ناقص خوراک کی کسی بھی شکایت کی فوری اطلاع فوڈ اتھارٹی کو دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ انجمن صحافیاں کے صدر محمد زاہد مجید انور نے فوڈ اتھارٹی کی کارکردگی کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ صحافی برادری عوامی مفاد کے ایسے اقدامات کو اجاگر کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔













