سرگودھا ڈویژن میں الیکٹرک بس سروس کا آغاز جلد ہوگا
پہلے مرحلہ میں ڈویژن میں 72 بسیں چلائی جائیں گی
اس سلسلہ میں ابتدائی طور پر سرگودھا شہر میں 48، خوشاب میں 12، میانوالی و بھکر میں 6، 6 بسیں چلائی جائیں گی۔
کمشنر سرگودھا جہانزیب اعوان نے سرگودھا بائی پاس، لاہور روڈ پر بنائے جانے والے مرکزی بس ٹرمینل کی مجوزہ سائٹ کا دورہ کیا اور منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔
پہلے مرحلہ میں سرگودھا میں 4 بڑے روٹس پر 12، 12 الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔
ان روٹس میں سرگودھا سے سلانوالی، ساہیوال، بھلوال اور کوٹ مومن شامل ہیں۔
ہر الیکٹرک بس میں بیک وقت 80 مسافر سفر کر سکیں گے۔
بس کا کرایہ عام بسوں کے مقابلہ میں نصف ہوگا، جبکہ معمر شہریوں، خصوصی افراد اور طلبہ کو بسوں میں مفت سفر کی سہولت دی جائے گی۔
ہر روٹ پر جدید طرز کے بس اسٹاپس تعمیر کیے جائیں گے، جہاں مسافروں کے بیٹھنے، پینے کے صاف پانی، پنکھوں اور خواتین و مردوں کیلئے علیحدہ بیٹھنے کے انتظامات ہوں گے۔
یہ بسیں روزانہ صبح 6 بجے سے رات 12 بجے تک سروس فراہم کریں گی، تاکہ شہریوں کو ہر وقت باسہولت سفر میسر آ سکے۔
کمشنر سرگودھا کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ بائی پاس پر 53 کنال اراضی پر مرکزی بس ٹرمینل تعمیر کیا جا رہا ہے جو اس منصوبے کا مرکز ہو گا۔
ٹرمینل میں مسافروں کیلئے تمام ضروری سہولیات میسر ہونگی۔
منصوبہ کے تحت ان روٹس پر جہاں الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی، وہاں چنگچی رکشوں پر پابندی عائد کردی جائےگی تاکہ ٹریفک نظام میں بہتری آئے اور ماحول پر مثبت اثرات مرتب ہوں
جنوری 2026 میں مزید الیکٹرک بسیں سرگودھا ڈویژن کو فراہم کی جائیں گی، جن کے ذریعے دیگر علاقوں کو بھی اس سہولت میں شامل کیا جائے گا اور پہلے سے متعین روٹس پر بسوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔













