اسسٹنٹ کمشنر پیرمحل محمد ذوالفقار صابر کی زیر صدارت جشن آزادی 2025ء کی تقریبات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا،
ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے) اسسٹنٹ کمشنر پیرمحل محمد ذوالفقار صابر کی زیر صدارت جشن آزادی 2025ء کی تقریبات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف سرکاری و نجی اداروں، تعلیمی اداروں، تاجر تنظیموں، مذہبی و سماجی رہنماؤں، پریس کلب اور امن کمیٹی کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔اجلاس میں تحصیلدار رائے یٰسین، سابق چیئرمین میونسپل کمیٹی چوہدری خالد سردار، صدر مرکزی انجمن تاجران میاں طارق، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی عرفان مہدی، فنانس آفیسر ڈاکٹر عمیر رضا، پرنسپل سنٹر آف ایکسیلنس ممتاز حسین شاکر، صدر پریس کلب میاں اسد حفیظ، جنرل سیکرٹری رانا محمد اشرف، ممبر امن کمیٹی مفتی عابد فرید، قاری عتیق الرحمٰن، قاری منظور احمد صفدر، مفتی اسد الرحمن، طاہر مسعود، پرنسپل گورنمنٹ ہائی سکول نمبر 1 انعام الحق گجر، ریگولیشن آفیسر میونسپل کمیٹی فاطمہ سلیم، سید طیب حسین بخاری، صدر انجمن حسینیہ پیرمحل محمد صدیق پیارا سمیت متعدد محکموں کے افسران اور نمائند گان شریک ہوئے۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے شرکاء کو بتایا کہ جشن آزادی تقریبات یکم اگست سے 14 اگست تک بھرپور قومی جوش و جذبے سے منائی جائیں گی۔ تقریبات کا تھیم ’’جشنِ آزادی اور معرکۂ حق‘‘ رکھا گیا ہے، جس کے تحت پاک فوج کی قربانیوں بالخصوص آپریشن ’’بنیان المرصوص‘‘ کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔انہوں نے ہدایت کی کہ تمام سرکاری و نجی ادارے، اسکولز اور کالجز اپنی تقریبات کے منصوبے فوری طور پر پیش کریں تاکہ مربوط انداز میں عملدرآمد ممکن ہو۔ 14 اگست کو میونسپل کمیٹی آفس میں مرکزی تقریب منعقد ہوگی جس میں پرچم کشائی، ملی نغمے، تقاریر اور خصوصی پروگرامز شامل ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ شہر کی عمارتوں، بازاروں، چوراہوں اور گلی محلوں کو قومی پرچم، جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے خوبصورتی سے سجایا جائے گا جبکہ شب میں چراغاں کا خصوصی اہتمام کیا جائے گا تاکہ جشن آزادی کو شایانِ شان انداز میں منایا جا سکے۔اجلاس کے اختتام پر تمام شرکاء نے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا اور پیرمحل کو مثالی انداز میں سجانے کے عزم کا اظہار کیا۔












