یقین، جذبہ اور آزادی فیصل آباد میں سائیکل ریلی کا جشن

تحریر محمد زاہد مجید انور

*جشنِ آزادی کے موقع پر فیصل آباد کی فضائیں ملی نغموں اور سبز ہلالی پرچموں سے گونج اُٹھیں۔ جذبۂ حب الوطنی سے لبریز شہریوں کے لیے ایک یادگار لمحہ اُس وقت رقم ہوا جب ڈسٹرکٹ سپورٹس آفس کے زیرِ اہتمام شاندار سائیکل ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ہر چہرے پر خوشی اور اُمید کی جھلک نمایاں تھی، گویا 14 اگست صرف ایک دن نہیں بلکہ ایک جذبہ ہے جو دلوں کو جوڑ دیتا ہے۔ریلی کا آغاز ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر محترمہ ساجدہ لطیف نے قومی پرچم لہرا کر کیا، جس سے فضا میں وطن سے محبت کا ایک نیا رنگ بکھر گیا۔ سبز ہلالی پرچم کی لہروں کے ساتھ ریلی شرکاء نے آزادی کے گیتوں اور نعروں سے ماحول کو پرجوش بنا دیا۔اس ریلی کی قیادت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل فضل عباس نے کی، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر سٹی عادل عمر بھی بھرپور جذبے کے ساتھ اس کاروانِ آزادی میں شریک ہوئے۔ ریلی باغ جناح سے شروع ہو کر جیل روڈ، بلال چوک اور چناب کلب چوک سمیت مختلف شاہراہوں سے گزرتی ہوئی اختتام پذیر ہوئی۔ راستے میں شہریوں کی جانب سے ریلی کے شرکاء کا والہانہ استقبال کیا گیا، اور کئی مقامات پر پھول نچھاور کیے گئے۔یہ سائیکل ریلی محض ایک کھیل یا تقریب نہیں تھی، بلکہ ایک پیغام تھا یہ کہ ہم آزادی کی قدر جانتے ہیں، ہم اس کی حفاظت کے لیے متحد ہیں، اور ہم اپنے وطن کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن دیکھنا چاہتے ہیں۔ نوجوانوں سے لے کر بزرگوں تک ہر شریک کا چہرہ اس عزم کی گواہی دے رہا تھا کہ پاکستان کا سبز ہلالی پرچم ہمیشہ سر بلند رہے گا۔یقیناً ایسے تقریبات نہ صرف جذبۂ حب الوطنی کو تازہ کرتی ہیں بلکہ نئی نسل کو یہ احساس دلاتی ہیں کہ آزادی ایک نعمت ہے جس کی حفاظت ہر پاکستانی کا فرض ہے۔ فیصل آباد کی یہ سائیکل ریلی آنے والے برسوں تک اس بات کی یاد دہانی رہے گی کہ جب قوم متحد ہو تو ہر راستہ آسان اور ہر منزل قریب ہو جاتی ہے۔*