سیالکوٹ 15 ستمبر سے تعلیمی سرگرمیاں مکمل طور پر بحال ہو جائیں گی
سیالکوٹ (سٹارنیوز):- ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی کی زیر صدارت کانفرنس روم میں ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں حالیہ سیلاب کے نتیجے میں سرکاری سکولوں کو پہنچنے والے نقصانات کا تخمینہ لگانے اور بحالی کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ایوب بخاری، سی ای او ایجوکیشن مجاہد علوی، بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کے مقامی حکام سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ سیلاب سے متاثرہ سکولوں کے انفراسٹرکچر، فرنیچر، تعلیمی سامان اور سہولیات کی رئیل ٹائم اسسمنٹ فوری طور پر مکمل کی جائے تاکہ بحالی کے منصوبے کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ بچوں کی حفاظت اولین ترجیح تھی جس کی وجہ سے ضلع سیالکوٹ کے 26 سکول عارضی طور پر بند کیے گئے تھے۔ تاہم، ضروری اقدامات کے بعد 15 ستمبر 2025 سے ضلع سیالکوٹ کے تمام سرکاری سکولوں میں تعلیمی سرگرمیاں مکمل طور پر بحال کر دی جائیں گی۔
ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے محکمہ تعلیم اور بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت کی کہ اس تاریخ تک تمام سکولوں کی صفائی، مرمت اور حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تعلیم کی مسلسل فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے
رپورٹ زبیر احمد صدیقی













