سیالکوٹ : پاسپورٹ دفتر کے باہر ٹاؤٹ مافیا کے خلاف تھانہ مراد پور پولیس کا ایکشن 4 گرفتار مقدمات درج

سیال کوٹ (سٹارنیوز)تفصیلات کے مطابق پاسپورٹ دفتر کے باہر ایجنٹس اور ٹاؤٹ مافیا نے سڑک کے اوپر ناجائز تجاوزات قائم کر رکھی تھیں جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں حلل پیدا ہورہا تھا جبکہ یہ ایجنٹس پاسپورٹ بنوانے آنے والے سادہ لوح شہریوں کو گمراہ کر کے ان سے ناجائز طور پر رقم بھی وصول کرتے تھے ۔ شہریوں کی شکایات پر ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ مرادپور سب انسپکٹر قیصر بشیر کو کارروائی کی ہدایت کی، جس پر فوری ایکشن لیتے ہوئے تھانہ مرادپور پولیس نے 4 ملزمان علی عمران، سرفراز انجم ، محمد احمد اور مبشر علی کو گرفتار کر کے مقدمات درج کر لیے ہیں۔
ڈی پی او فیصل شہزاد کا کہنا ہے شہریوں کو تنگ کرنا اور ان سے ناجائز فائدہ اٹھانا کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ پاسپورٹ سمیت دیگر سرکاری دفاتر کے باہر شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے پولیس ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے شہری کسی بھی قسم کی پریشانی یا غیرقانونی سرگرمی کی اطلاع فوراً پولیس کو دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔