وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت ضلع میں پرائس کنٹرول اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ماہانہ کارکردگی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر عمر میلہ کی ہدایت پر ڈی سی آفس میں منعقد ہوا

ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت ضلع میں پرائس کنٹرول اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ماہانہ کارکردگی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر عمر میلہ کی ہدایت پر ڈی سی آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ذیشان لبھا مسیح نے کی۔ اجلاس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر اکنامکس اینڈ مارکیٹنگ زاہد شریف نے ماہِ نومبر کی تفصیلی کارکردگی رپورٹ پیش کی رپورٹ کے مطابق پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے نومبر کے دوران 97,288 انسپیکشنز کیے، 9 لاکھ 64 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے، 65 دکانیں سیل کی گئیں اور 10 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ رپورٹ میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ اکثر دکانوں میں سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی اور ناجائز منافع خوری کی شکایات موصول ہوئیں۔اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں اور معیار پر زیرو ٹالرنس برقرار رکھا جائے، ناجائز منافع خوری اور گران فروشی کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں مزید تیز کی جائیں، اور صارفین کی شکایات کے فوری ازالے کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی شکایت کی صورت میں فوری اطلاع فراہم کریں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ اس اقدام کا مقصد عام صارفین کو ناجائز منافع خوری اور ناقص معیار کی اشیاء سے محفوظ رکھنا اور شفاف مارکیٹ فراہم کرنا ہےضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں پرائس کنٹرول ٹیم کی یہ کوششیں نہ صرف حکومت کے اصولوں کی عملی عکاسی کرتی ہیں بلکہ عوام کی سہولت اور حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے میں بھی کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔*