سنی علما کونسل پنجاب کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری راؤ اشرف جاوید حسینی کی پریس کانفرنس
ملکوال(نامہ نگار) سنی علما کونسل پنجاب کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری راؤ اشرف جاوید حسینی کی پریس کلب ملکوال میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 7 مئی بروز جمعرات فٹبال گراؤنڈ منڈی بہاءالدین میں نمازِ عشا کے بعد پیغامِ اسلام و استحکامِ پاکستان کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کا مقصد حالیہ عالمی صورتحال میں فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر اور وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی طرف سے دنیا کو تیسری عالمی جنگ سے بچانے کیلئے امریکہ اور ایران کے درمیان بہترین مصالحانہ کردار ادا کرنے پر خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں سنی علما کونسل پنجاب کے صدر مولانا محمد اشرف طاہر، مولانا محمد معاویہ اعظم طارق، حافظ عبد الشکور ربّانی اور علامہ اورنگزیب فاروقی سمیت اہلسنت والجماعت کے سربراہ مولانا محمد احمد لدھیانوی صاحب خطاب کریں گے۔ انہوں نے پریس کلب ملکوال اور مرکزی انجمن تاجران ملکوال کے ممبران کو اس کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع منڈی بہاءالدین کے غیور عوام اس کانفرنس میں شرکت کرکے اپنی افواج اور حکومت کو خراجِ تحسین پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر چند عناصر اس ایشو پر منفی پراپیگنڈا کر رہے ہیں لیکن ایسے عناصر اپنے مذموم مقاصد میں ناکام ہوں گے۔













