مارکیٹ بندش اور کاروباری اوقات کار سے متعلق نوٹیفکیشن پر عوام اور تاجروں سے تعاون کی اپیل
*ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے)حکومت پنجاب کی ہدایات اور پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (PERA) کی جانب سے جاری کردہ مارکیٹ بندش اور کاروباری اوقات کار کے نوٹیفکیشن پر عملدرآمد کے سلسلہ میں ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر پیرا فورس ٹوبہ ٹیک سنگھ میڈم صدف ارشاد نے کہا ہے کہ توانائی کے مؤثر استعمال، ماحولیاتی بہتری اور عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کاروباری اوقات کار کا تعین کیا گیا ہے، جس پر عملدرآمد ہر شہری اور تاجر کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ مارکیٹوں، بازاروں، شاپنگ مالز اور دیگر تجارتی مراکز کے لیے مقررہ اوقات کار کی پابندی نہ صرف حکومتی پالیسی کا حصہ ہے بلکہ اس سے بجلی کے غیر ضروری استعمال میں کمی اور شہری نظم و ضبط کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔ میڈم صدف ارشاد نے تاجروں، دکانداروں اور کاروباری حضرات سے اپیل کی کہ وہ مقررہ اوقات کار کے مطابق اپنی کاروباری سرگرمیاں جاری رکھیں اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ پیرا فورس کی ٹیمیں مختلف اضلاع میں نوٹیفکیشن پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے متحرک ہیں۔ تاہم ادارے کی اولین ترجیح آگاہی اور تعاون کے ذریعے بہتر نتائج حاصل کرنا ہے۔ عوام اور تاجر برادری کی مثبت شمولیت سے ہی اس حکومتی اقدام کو کامیاب بنایا جا سکتا ہے۔میڈم صدف ارشاد نے واضح کیا کہ بعض ضروری خدمات، جن میں ہسپتال، میڈیکل سٹورز، پٹرول پمپس، بیکریز، ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور دیگر مستثنیٰ شعبے شامل ہیں، نوٹیفکیشن کے مطابق اپنے مقررہ قواعد کے تحت کام جاری رکھ سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہری کسی بھی قسم کی رہنمائی یا معلومات کے لیے پیرا حکام سے رابطہ کر سکتے ہیں۔انہوں نے آخر میں کہا کہ قانون کی پاسداری ایک مہذب معاشرے کی پہچان ہے، اس لیے تمام شہری اور تاجر حکومت پنجاب کے جاری کردہ کاروباری اوقات کار پر عمل کرتے ہوئے قومی مفاد میں اپنا کردار ادا کریں۔*













